بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
محمد تاج رسل اللہ قاطبہ
محمد صادق الاقوال والکلم
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کے مسلمانوں پر چھ حقوق بیان کئے ان میں سے ایک:
وینصحہ اذا استنصحہ
“اگر نصیحت چاہے تو نصیحت کرے”
آقا کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے حکیمانہ اقوال پند و نصائح کے ذریعے بھٹکے ہوئے لوگوں کو معرفت خداوندی کے جام نور سے سیراب کیا۔ اور وہ احادیث اور نصیحتیں قیامت تک کے لئے مینارہ نور ہیں۔
میرا دل اور تجربہ یہ کہتا ہے : نصیحت فساد کو اصلاح کی طرف ، تخریب کو تعمیر کی طرف، جہالت کی تاریکیوں کو روشنی کی طرف، ناکام و نامراد کو فوز و فلاح کی طرف، تنزلی کو ترقی کی طرف، درندگی کو بندگی کی طرف، مادہ پرستی کو روحانیت کی طرف لے جاتی ہے۔۔۔اسی لئے چھ حقوق میں سے ایک حق نصیحت رکھا۔
مولانا سلیم رضوی قابل مبارکباد ہیں کہ ایک دو دس نہیں بلکہ چار ہزار نصیحتیں احادیث، بزرگان دین اور علمائے کرام کے اقوال جمع کرلئے بلکہ جس طرح ولی کامل شیخ سعدی علیہ الرحمہ نے گلستان سعدی اور بوستان میں اپنی فارسی شاعری کے ذریعے امت کی خیر خواہی کی۔۔اس محنتی نوجوان اور مرد حق میرے مربی علامہ سید شاہ تراب الحق قادری علیہ الرحمہ کے مرید کامل نے چار ہزار نصیحتوں کا گلدستہ نہیں بلکہ گلشن جمع کرلیا ہے۔
کراچی میں ایک علاقے کا نام گلشن اقبال ہے۔۔۔ایک گلشن معمار، ایک گلستان جوہر ۔۔۔اصل گلشن تو دینی کتابیں ہیں۔۔میں تو اس کتاب کو “گلستان سلیم” نام دوں گا۔
اس پرفتن پر خطر پر آشوب دور میں کسی کے پاس دینی مجالس کے لئے وقت نہیں۔ مجالس کے بانی بھی بدعملی اور نفس پرستی کے دلدادہ ہیں تو اب دل کی سیاہی کہاں دور ہو۔۔۔تو وہ قرآن پاک اور دینی کتابیں ہیں۔۔اور خیر سے اگر کوئی مرد قلندر عالم و پاکباز مل جائے۔
حضرت سفیان بن عیینہ علیہ الرحمہ نے فرمایا تھا:
“اصحاب حکمت کے ساتھ بیٹھا کرو، کیونکہ ان کی مجلس غنیمت، ان کی صحبت سلامتی اور ان کی دوستی عزت ہے” (حلیہ الاولیاء، 7/334 ، رقم 10744)
اس کتاب گہری گہری باتیں واقعی گہرائی اور گیرائی والی ہیں
مثلا
39) تو اپنے کو بیان کرنا چھوڑدے۔اپنے طرز عمل سے کہے تجھے بیان کرے
114) عمل میں جتنا حسن و جمال ہوگا جتنا سوز و گداز ہوگا جتنی للہیت ہوگی کشور دل میں اس کی فتوحات کا دائرہ اس قدر وسیع ہوگا۔
ان دو کو بار بار پڑھیں اور نافذ کریں۔۔تو زندگی میں “امل” کی جگہ “عمل” ، “فتور” کی جگہ “نور” ، “زوال” کی جگہ “کمال” کی راہیں کشادہ ہونگیں۔
اہل ثروت کوشش کریں اسکول کالجوں یونیورسٹیوں میں طلباء تک اس کتاب کو پہنچائیں ۔اسکول انتظامیہ کوشش کریں خاص کر سیکنڈری کلاسز کہ روزانہ اس کا ایک یا آدھا صفحہ بچے مطالعہ کریں۔
اللہ رب العزت مولانا سلیم رضوی کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ان کو دین پاک کی بڑے پیمانے پر خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
دور دنیا کا میرے دم سے اندھیرا ہوجائے
ہر جگہ میرے چمکنے سے اجالا ہوجائے
غریب الوطن
مفتی عبدالرحمن قادری
پرنسپل قرآن اکیڈمی
امام و خطیب جامع مسجد لمبی
ملاوی، افریقہ
21 ربیع الاول 1445ھ

