سوال :نماز عید پڑھنے کا طریقہ کیا ہے؟

جواب : امام اور مقتدی دونوں نماز عیدالفطر کی نیت کریں۔ پھر تکبیر تحریمہ کہہ کر ہاتھ باندھ کر سبحانک اللھم پڑھیں، پھر ہاتھ اٹھا کر اللہ اکبر کہیں اور ہاتھ چھوڑ دیں۔ دوسری مرتبہ ہاتھ اٹھا کر اللہ اکبر کہہ کر ہاتھ چھوڑ دیں۔ تیسری مرتبہ پھر ہاتھ اُٹھا کر اللہ اکبر کہیں اور اس مرتبہ ہاتھ باندھ لیں۔ مقتدی خاموش رہیں اور امام اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھیں پھر سورۂ فاتحہ اور کوئی سورت پڑھ کر اللہ اکبر کہہ کر رکوع میں چلے جائیں اور سب مقتدی بھی امام کے ساتھ رکوع میں چلے جائیں۔ حسب معمول سجدے سے فارغ ہوکر مقتدی اور امام دوسری رکعت کےلئے کھڑے ہو جائیں۔ امام حسب دستور بسم اللہ، پھر سورۂ فاتحہ اور اس کے بعد سورت پڑھے۔ سورت پڑھنے کے بعد امام ہاتھ اُٹھا کر اللہ اکبر کہے اور ہاتھ چھوڑ دے دوسری اور تیسری مرتبہ بھی ایسا ہی کرے اور چوتھی مرتبہ بغیر ہاتھ اُٹھائے تکبیر کہتا ہوا رکوع میں چلا جائے اور سجدہ کرکے نماز مکمل کرتا ہوا سلام پھیر دے۔ نماز سے فارغ ہوکر امام کھڑا ہوکر خطبہ پڑھے۔ امام اس خطبہ میں تکبیر تشریق پڑھے۔ دو تکبیروں کے درمیان تین مرتبہ سبحان اللہ کہنے کی مقدار میں خاموش رہے۔

Related

Menu