دیدار الٰہی

1 عقیدہ: اللّٰہ تعالیٰ جہت و مکان و زمان و حرکت و سکون و شکل و صورت و جمیع حوادث(ایجاد کردہ اُمور ) سے پاک ہے ( تفسیر الکبیر ،سورۃ الکھف الایۃ 79 ت 82)

2 عقیدہ: دنیا کی زندگی میں اللّٰہ تعالیٰ کا دیدار ، ہمارے نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے خاص ہے ، اور آخرت میں ہر صحیح العقیدہ مسلمان کے لیے ممکن بلکہ واقع ہوگا (الفتاوی الحدیثیۃ ، مطلب فی رویۃ اللّٰہ تعالیٰ فی دنیا و منح الروض الأزھر)

حضرت سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا “مجھے میرے رب عزوجل نے فرمایا ،کہ میں نے ابراہیم کو اپنا خلیل بنایا، اور موسیٰ سے کلام فرمایا ،اور تمہیں مواجہ بخشا کہ بے پردہ و حجاب تم نے مجھے دیکھا”( مجمع بحار الانوار)

اور اس حدیثِ مبارکہ کو اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری بریلوی نے “فتاویٰ رضویہ میں جلد نمبر 30 صفحہ نمبر 637 رسالہ ” منبہ المنیۃ بوصول الحبیب الی العرش و الرّؤیۃ” میں نقل فرمایا ہے ۔

اللّٰہ تعالیٰ قرآن مجید میں اہل جنت کے بارے میں ارشاد فرماتا ہے “کچھ چہرے اس دن تر وتازہ ہوں گے ، اپنے رب کو دیکھتے ہوئے”( پ 29 سورۃ القیامہ )

امام طبری علیہ رحمہ اس آیت کی تفسیر میں ارشاد فرماتے ہیں کہ” یقیناً اہل جنت بروزِ قیامت ،آنکھوں سے اللّٰہ تعالیٰ کا دیدار کریں گے”( جامع البیان, جزء:7)

اسی عنوان کے متعلق”* صحیح مسلم*” میں حدیث مبارکہ موجود ہے کہ حضرت سیدنا جریر بن عبد اللہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم تاجدارِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر تھے ، کہ اچانک حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے چودھویں رات کے چاند کی طرف دیکھ کر فرمایا”*عنقریب تم اپنے رب کو اس طرح دیکھو گے ، جس طرح اس چاند کو دیکھ رہے ہو ۔”(صحیح مسلم)

اس میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ “جہاں تک عقل پہنچتی ہے وہ خدا نہیں ،اور جو خدا ہے اُس تک عقل کی رسائی نہیں ، اور وقت دیدار نگاہ اُس کا احاطہ کرلے ، یہ محال ( ناممکن) ہے”

دنیوی زندگی میں ہمارے نبیِ کریم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا کسی کو اللّٰہ تعالیٰ کا دیدار نہیں ہوا، رہا قلبی دیدار یا خوابی دیدار دیگر انبیاء و اولیاء کو بھی نصیب ہوا ہے ، اور آخرت میں اہل ایمان کو اللّٰہ تعالیٰ کا دیدار ، بلا حجاب و بلا تشبیہ و بلا کیفیت سر کی آنکھوں سے ہوگا ـــ انشاء اللّٰہ تعالیٰ

وما علینا الاالبلاغ المبین

از: حافظ محمد حسین قادری

درجہ سادسہ

حبیبیہ اسلامک اکیڈمی

Related

No results found.
keyboard_arrow_up