سوال :رمضان المبارک میں سب سے افضل عبادت کون سی ہے؟
جواب :رمضان المبارک میں ہر عبادت کا ثواب سال کے باقی مہینوں سے کئی گنا زیادہ ملتا ہے۔ رمضان کی سب سے افضل عبادت تو یہی ہے کہ پورے اہتمام کے ساتھ تمام آداب و شرائط کا لحاظ رکھتے ہوئے رمضان کے روزے رکھے جائیں۔ اس کے علاوہ یہ مہینہ، نزول قرآن کا مہینہ بھی ہے۔ اسی ماہ مبارک میں قرآن حکیم نازل کیا گیا۔ ارشاد ربانی ہے۔ ’’اسی رمضان کے مہینے میں قرآن کریم نازل کیا گیا۔‘‘ (سورۃ البقرہ185:) اس لئے اس ماہ مبارک میں تلاوت قرآن حکیم ایک افضل عبادت ہے۔ احادیث میں اس مہینے میں جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں کثرت سے جودوسخا کا ذکر بھی آتا ہے۔ اس لئے اس ماہ مبارک میں اپنی استطاعت کے مطابق کثرت سے صدقہ خیرات بھی کرنا چاہیے۔(صحیح بخاری)